کوئٹہ(این این آئی) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے سینٹر احمد خان خلجی کے ہمراہ جمعرات کوریلوے سٹیشن کوئٹہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کے مسافروں میں گھل مل گئے اور انکے مسائل دریافت کئے۔ڈی ایس کوئٹہ ڈویژن ریلوے عمران حیات خان نے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کو تفصیلی بریفنگ دی۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن میں نئے قائم شدہ 29 جدید سی سی ٹی وی کیمروں کا کنٹرول روم اور ریلوے آفیسر کلب میں جیم سینٹر کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے مسافروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بزنس کلاس ویٹنگ روم کو عام مسافروں کے لئے بھی استعمال کرنے کے احکامات جاری کئے۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر عمدہ انتظامات کرنے پر ڈی ایس ریلوے عمران حیات خان اور اسکی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے مچھ میں دہشت گردی واقعہ میں شہید کانسٹیبل فیصل کے والدہ کو پچاس لاکھ روپے کا چیک بھی پیش کیا۔

