ڈیرہ مراد جمالی (این این آئی)ڈیرہ مراد جمالی میں نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامورپولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ پولیس کے مطابق بدھ کو ڈیرہ مرادجمالی کے علاقے ٹی اینڈ ٹی کالونی میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلانے والی ٹیم پر نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر پولیس کانسٹیبل فرحان بشیر ولد بشیراحمد بہرانی شہید ہوگیاجبکہ ملزمان فائرنگ کرکے ہوئے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو قبضے میں لیکرہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں نعش ضروری کارروائی کے بعدورثاء کے حوالے کردی گئیں۔واقعہ کے بعد ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن(ر) ذوالفقار علی کرار، ایس ایس پی اسد ناصر، ڈی ایچ او ڈاکٹر ایز جمالی،اسسٹنٹ کمشنر سمیت دیگر اعلیٰ افسران ہسپتال پہنچ گئے۔پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلانے والی ٹیموں کی سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

