بلوچستان،اشیاء خوردونوش سمیت ہرچیز مہنگی،انسان کا خون سستا ہے،لالہ یوسف خلجی

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اشیاء خوردونوش سمیت ہرچیز مہنگی جبکہ انسان کا خون سستا ہے جن حکمرانوں نے عوام کی حفاظت کرنی تھی وہ خود اپنی حفاظت میں لگے ہوئے ہیں انہیں عوام سے کوئی سروکار نہیں ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ حالیہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی اشیاء خوردونوش سمیت ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے اورعوام کی قوت خرید جواب دے چکی ہیں اورعوام خود کشیاں کرنے پر مجبورہوچکے ہیں لیکن بلوچستان میں ایک چیز سستی ہے جو غریب عوام کا خون ہے کوئٹہ شہر میں دن دیہاڑے شہریوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا جاتا ہے لیکن پولیس اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے ان واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام نظرآتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی ہے حکمران لوٹ مار،کرپشن اور عیاشیوں میں مصروف ہیں جن حکمرانوں نے عوام کی حفاظت کرنی تھی وہ اپنی حفاظت میں لگے ہوئے ہیں اپنے گھروں اور دفاتر کے چاروں اطراف کنکریٹ کی دیواریں بنارہے ہیں انہیں عوام سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کا سرعام دن دیہاڑے روڈوں پر خون بہایا جارہا ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمران اورسیاسی جماعتیں اپنی عیاشیاں اور کرپشن چھوڑ کرعوام کی خدمت اورانہیں تحفظ فراہم کرنے پر توجہ دیں بصورت دیگر اگر عوام اٹھ کھڑے ہوئے تو حکمرانوں اورسیاستدانوں کو بھاگنے کیلئے جگہ بھی نہیں ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں