بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شکیب الحسن نے رواں برس ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کرکٹ ٹیم کو جانے کی اجازت نہ دینے کو نگراں حکومت کی بڑی غلطی قرار دے دیا۔
رواں برس فروری اور مارچ میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلادیش کے شرکت سے انکار کے بعد آئی سی سی نے بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ایونٹ میں شامل کر لیا تھا۔
واضح رہے 1999 کے بعد سے یہ پہلا آئی سی سی ایونٹ تھا جس میں بنگلادیش شریک نہیں ہوا ہے۔
ممبئی میں ایک ایونٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بنگلادیش کرکٹ کی بات کی جائے تو یہ ایک بڑا نقصان تھا۔ بنگلادیش کرکٹ سے محبت کرنے والا ملک ہے۔ ان کا خیال ہے کہ ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت نہ دینا حکومت کی بڑی غلطی تھی۔
واضح رہے بنگلادیش نے بھارت نہ جانے کا فیصلہ بی سی سی آئی کی جانب سے بنگلادیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل فرنچائز سے نکلوانے کے بعد کیا تھا۔

