سرکاری سکولوں میں طلباء کی آن لائن حاضری کا منصوبہ ناکام

:پنجاب کے سرکاری سکولوں میں طلباء کی آن لائن حاضری کا منصوبہ ابتدائی مرحلے میں ہی مشکلات کا شکار ہو گیا، جہاں جدید نظام متعارف کرانے کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو سکے اور بیشتر اضلاع میں حاضری کی شرح انتہائی کم رہی۔

محکمہ تعلیم کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے بھر میں صرف 39 فیصد طلباء کی حاضری آن لائن درج کی جا سکی۔ مجموعی طور پر 95 لاکھ طلباء میں سے تقریباً 37 لاکھ کی حاضری ٹیب کے ذریعے ریکارڈ کی گئی۔

کارکردگی کے حوالے سے چنیوٹ 82 فیصد حاضری کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ جہلم67 فیصد کے ساتھ دوسرے اور ننکانہ صاحب 66 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

دوسری جانب لاہور اور خانیوال سب سے پیچھے رہے، جہاں صرف 20 فیصد طلباء کی آن لائن حاضری لگائی جا سکی۔ خانیوال میں 3 لاکھ 29 ہزار طلباء میں سے صرف 61 ہزار جبکہ لاہور میں 5 لاکھ 68 ہزار میں سے محض ایک لاکھ طلباء کی حاضری ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ تعلیم کے مطابق سکولوں میں آن لائن حاضری کا یہ پائلٹ پراجیکٹ ابھی جاری ہے، اور اس کا مقصد نظام کو ڈیجیٹل بنانا اور شفافیت بڑھانا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ درپیش مسائل کو حل کر کے جلد 100 فیصد طلباء کی آن لائن حاضری یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں