اسلام آباد (این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملک میں مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی بالکل ہے تاہم بڑھنے کی شرح کہاں تھی اور اب کہاں ہے، کرپشن اور ٹیکس چوری کے خلاف بھی جہاد ہونا چاہیے۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ملک میں ٹیکس چوری ہوتا ہے، پچاس فیصد بھی درست ٹیکس اکٹھا ہو تو ہمیں قرضے کی ضرورت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ تمباکو پر 300 ارب روپے ٹیکس چوری ہوتا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ ایک ایک گھر کے 45 لوگ بھی بی آئی ایس پی وصول کر رہے ہیں، کھاتے پیتے لوگوں نے بی آئی ایس پی کے کارڈ بنائے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کرپشن اور ٹیکس چوری کے خلاف بھی بنیان مرصوص اور جہاد ہونا چاہیے۔وزیر دفاع نے کہا کہ کون لوگ تھے جنہوں نے آئی ایم ایف کو خط لکھے کہ پاکستان کو قرضہ نہ دیا جائے، ایک شخص کو ساری سیاست کا محور بنا دینا درست نہیں ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں کہا گیا بھارت پانی روک دے گا، میں چناب کے ساتھ رہتا ہوں، چناب میں ایک دن 35 ہزار کیوسک پانی آتا ہے، ایک دن 5 ہزار کیوسک، بھارت نے پانی کو ہتھیار بنایا ہوا ہے۔

