عمران عباس فٹنس کی تصاویر پوسٹ کرنے پر تنقید کی زد میں آگئے

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس ایک بار پھر اپنی فٹنس کی نمائش کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے، تاہم اس بار تعریف کے بجائے انہیں شدید ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ٹی وی اور فلم انڈسٹری میں اپنی منفرد اداکاری کے لیے پہچانے جانے والے عمران عباس انسٹاگرام پر بھی خاصی مقبول شخصیت ہیں، جہاں ان کے فالوورز کی تعداد 87 لاکھ سے زائد ہے۔ ’خدا اور محبت‘، ’میری ذات ذرۂ بے نشاں‘، ’محبت تم سے نفرت ہے‘ اور ’احرامِ جنون‘ جیسے کامیاب ڈراموں سے شہرت پانے والے اداکار بالی ووڈ میں بھی کام کر چکے ہیں۔

عمران عباس اکثر اپنی فٹنس روٹین اور جسمانی ساخت کو مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے جم سے اپنی نئی تصاویر پوسٹ کیں، جن میں وہ سیاہ رنگ کے جم لباس میں ملبوس دکھائی دیے۔ تصاویر میں انہوں نے اپنی ٹی شرٹ اٹھا کر ایبس بھی نمایاں کیے اور کیپشن میں لکھا، ’’او بھائی، یہ اے آئی نہیں بلکہ حقیقی فٹنس ہے۔‘‘

تاہم یہ پوسٹ سوشل میڈیا صارفین کی تنقید سے نہ بچ سکی۔ کئی صارفین نے ان کی تصاویر کا مذاق اڑایا اور ان کی فٹنس کو غیر متاثرکن قرار دیا۔ ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ آپ کو اپنے لیے اے آئی استعمال کرنی چاہیے تھی، شاید نتیجہ بہتر آتا۔ ایک اور صارف نے کہا کہ حقیقت میں ایسی فٹنس متاثر نہیں کرتی۔

بعض مداحوں نے عمران عباس کی حالیہ اے آئی سے متعلق پوسٹس کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی نئی تصاویر پر بھی شکوک کا اظہار کیا، جبکہ کچھ نے ان کا موازنہ دیگر معروف اداکاروں سے کرتے ہوئے کہا کہ اصل باڈی تو صرف چند بڑے ستاروں کی ہی ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں