پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام پرائم منسٹر نیشنل انڈر 21 ویمنز ہاکی چیمپئن شپ کا آغاز ہوگیا، ایونٹ میں ملک بھر سے 16 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہیں۔
نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈہم میں چیمپئن شپ کا افتتاح صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن اور وفاقی سیکرٹری بین الصوباٸی رابطہ محی الدین وانی نے کیا۔جن کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن قومی کھیل ہاکی کی بحالی، فروغ اور ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ قومی وویمن چیمپئن شپ سے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے دو ویمنز ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔
محی الدین وانی نے بتایا کہ منتخب ٹیم انڈر 18 ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی، جبکہ فائیو اے سائیڈ انڈر 18 ایشیا کپ رواں سال عمان میں کھیلا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سینئر ویمنز ہاکی ٹیم بھی تیار کی جائے گی اور خواتین کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے بہترین کوچز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
صدر پی ایچ ایف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین کی ہاکی کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے اور پاکستان کو دوبارہ عالمی ہاکی میں نمایاں مقام دلانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
چیمپئن شپ کے پہلے روز سندھ، پنجاب بی اور کشمیر نے کامیابی حاصل کی۔ سندھ نے خیبرپختونخوا اے کو 0-4 سے شکست دی، جس میں سندھ کی کھلاڑی انوشا شاہ نے شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کی۔ ایک اور یکطرفہ مقابلے میں کشمیر نے خیبرپختونخوا بی کو 0-9سے ہرا کر ایونٹ میں شاندار آغاز کیا۔

