وندر میونسپل کمیٹی میں بدانتظامی اور کرپشن کا الزام، کونسلران کا چیئرمین و عملے پر شدید احتجاج

لسبیلہ(بیوروچیف) میونسپل کمیٹی وندر کے کونسلران غلام قادر انگاریہ ، پیربخش موندرہ ، دھنی بخش انگاریہ نے حاجی عبدالستار انگاریہ کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم میونسپل کمیٹی وندر سے منتخب کونسلرز ہیں منتخب نمائندوں پر مشتمل میونسپل کمیٹی کا ایک ایوان ہوتا ہے جس میں وائس چیئرمین بطورِ اسپیکر اور چیئرمین قائد ایوان کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دیتے ہیں ایوان کی کارروائی اصولی طور پر تحریر میں لائی جاتی ہے اور بجٹ اجلاس میں اسکیمات اور فنڈز کے حوالے سے قرارداد اور منظوری لی جاتی ہے اس میں مختلف کمیٹیاں مختلف امور کی انجام دہی کے لیے بنائی جاتی ہیں اور ایک خود احتسابی کا نظام ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معزز صحافی حضرات MC وندر میں کونسلران کی رائے کو کوئی اہمیت نہیں دی جاتی ہے اور نا ہی انہیں بجٹ کے حوالے سے اخراجات و آمدنی و خرچ کے حوالے سے معلومات دی جاتی ہیں سالانہ دفتری اخراجات کے حوالے سے جو کنٹیجنسی کی مد میں رقوم آتی ہیں ان کی تفصیل سے بھی آگاہ نہیں کیا جاتا اور نا پبلک اکاؤنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری میونسپل کمیٹی کو 2 سے 3 لوگوں نے یرغمال بنا رکھا ہے اضافی بجٹ شہری حدود کے لئے رکھا جاتا ہے مگر وہ بجٹ شہر پر خرچ نہیں کیا جاتا نالوں کی صفائی کے لئے 25 لاکھ روپے کی رقم رکھی گئی مگر ان پر خرچ صرف 3 لاکھ 80 ہزار روپے کیا گیا باقی فنڈز کرپشن کی نظر ہو گئے ہم تمام کونسلران یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ایوان کو قوائد و ضوابط کے مطابق چلایا جائے تمام فنڈز کو صاف و شفاف انداز میں خرچ کیا جائے اور تمام کونسلران کو اعتماد میں لیکر کارروائی کو من و عن تحریر میں لایا جائے فنڈز کو صاف و شفاف انداز میں خرچ کیا جائے تاکہ عوامی فنڈز کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے اور میونسپل کمیٹی کے 2 سالہ ریکارڈ خرچ و آمدنی کو منظر عام پر لایا جائے اقربا پروری بند کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ان تفصیلات کے لئے چیف آفیسر کو تحریری درخواست دی کہ مذکورہ تفصیلات سے آگاہ کیا جائے لیکن کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اب ہم قانونی ذرائع استعمال کرتے ہوئے اپنے وکلاء سے مشاورت کے بعد عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں