بابراعظم دورہ ویسٹ انڈیز، انگلینڈ کیلئے کپتانی کی دوڑ میں شامل

قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے لیے بابر اعظم بھی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے لیے شان مسعود کے ساتھ سابق کپتان بابر اعظم کا نام بھی تجويز کیا گیا ہے اور بورڈ حکام کے بعض افراد بابراعظم کو کپتانی سونپنے کے حق میں ہیں۔

ذرائع کے مطابق بورڈ حکام میں چند لوگ شان مسعود کو دورہ انگلینڈ تک ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کا ایک اور موقع دینے کی حمایت میں ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیئرمین محسن نقوی قومی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان کا حتمی فیصلہ کریں گے اور بورڈ کے سربراہ کی وطن واپسی پر ٹیم کے کپتان اور ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان ہوگا۔

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا اعلان پیر یا منگل کو متوقع ہے، جس کے بعد منتخب کردہ 16 رکنی اسکواڈ 8 جولائی کو اسلام آباد رپورٹ کرے گا جہاں مختصر کیمپ کے بعد 13 یا 14 جولائی کو ٹیم کی ویسٹ انڈیز روانگی پلان کی جارہی ہے۔

ویسٹ انڈیز میں پاکستان ٹیم کے دو ٹیسٹ میچز شیڈول ہیں، جس کے بعد انگلینڈ کے ساتھ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز شیڈول ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم اس وقت آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں سب سے آخری نمبر پر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں