مصر کے اسٹار فٹبالر اور کپتان محمد صلاح نے آسٹریلیا کے خلاف فتح کے بعد آسٹریلوی کھلاڑیوں کے پاس جا کر حوصلہ افزائی کر کے مداحوں کے دل جیت لیے۔
امریکا کے شہر ڈیلس میں کھیلے گئے میچ میں مصر اور آسٹریلیا کے درمیان مقررہ وقت اور اضافی وقت کے بعد مقابلہ 1-1 سے برابر رہا، جس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
محمد صلاح نے مصر کی جانب سے تیسری پنالٹی انتہائی اعتماد کے ساتھ پنینکا انداز میں گول اسکور کیا۔ بعد ازاں آسٹریلیا کے ہیری ساؤٹر اور لوکاس ہیرنگٹن اپنی اہم پنالٹیز ضائع کر بیٹھے، جبکہ حسام عبدالمجید نے فیصلہ کن پنالٹی اسکور کر کے مصر کو ایونٹ کے آخری 16 مرحلے میں پہنچا دیا۔
جیسے ہی مصر نے کامیابی حاصل کی، تمام مصری کھلاڑی جشن منانے کے لیے میدان میں دوڑ پڑے۔ تاہم، محمد صلاح نے جشن میں شامل ہونے کے بجائے شکست سے دلبرداشتہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کے پاس جا کر ان سے مصافحہ کیا اور بعض کو گلے لگا کر حوصلہ دیا۔
محمد صلاح کے اس اسپورٹس مین شپ کے عمل کو شائقین اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے، جہاں انہیں ایک بار پھر بہترین اسپورٹس مین اسپرٹ کی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

