جیکب آباد (این این آئی) جیکب آباد میں جعفرایکسپریس پر دہشت گرد حملہ، ریلوے ٹریک پر دھماکہ، کارگو بوگی کو شدید نقصان، 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جانی نقصان نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفرایکسپریس پر دہشت گرد حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں پٹڑی دھماکہ سے ا ڑ گئی اور انجن کے ساتھ لگی کارگو بوگی کو نقصان ہوا اور کارگو بوگی کا فرش مکمل تباہ جبکہ بوگی کے اندر بھی شدید نقصان ہواجبکہ ٹرین کی 4 بوگیاں پٹڑی اتر گئیں جبکہ ٹرین میں سوار تمام مسافر معجزانہ طور پر مکمل محفوظ رہے، پولیس ذرائع کے مطابق جیکب آباد کے صدر تھانہ کی حدود سبزی منڈی کے قریب تخریب کاروں کی جانب سے جعفرایکسپریس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی اور ریلوے ٹریک پر بم نصب کیا گیا تھا جعفرایکسپریس جیسے پہنچی تو زوردار دھماکہ ہوگیا اور ٹرین کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور 30 فٹ سے زائد پٹڑی کو شدید نقصان ہوا دھماکہ والی جگہ 5 فٹ تک گہرا گڑھا پڑ گیا، زوردار دھماکے کے باوجود ٹرین میں سوار تمام مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے، دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچی، پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے پہنچ کر علاقہ کا محاصرہ کرکے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا ہے، ایس ایس پی جیکب آباد صدام حسین خاصخیلی نے پہنچ کر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جعفرایکسپریس کو نشانہ بنانے کے لیے پٹڑی پر دھماکہ کیا گیا اللہ نے کرم کیا کہ تمام مسافر محفوظ ہیں اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ایس ایس پی کے مطابق علاقہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور واقعہ کی مکمل تحقیقات کررہے ہیں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم کو طلب کرلیا ہے جس کے بعد ہی بتایا جاسکتا ہے دھماکہ کس نوعیت کا تھا، ایس ایس پی نے کہا کہ مسافروں کو اپنی منزل مقصود تک پہنچانے کے لیے انتظامات کئے جارہے ہیں، ایس پی ریلوے سمیت ریلوے کے دیگر حکام سمیت دیگر اداروں کے عملدار جائے وقوعہ پر پہنچے ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کی بحالی کا کام جلد شروع کیا جائے گا، ادھر دھماکے کے بعد مسافر شدید گرمی میں بے یارومددگار کھلے آسمان تلے بیٹھے ہوئے تھے جبکہ گرمی میں پینے کا پانی نہ ہونے کی وہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کئی گھنٹوں کے بعد مسافروں کو متبادل سواری کے ذریعے منزل کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔
