فاطمہ ثناء کو ویمنز ہنڈریڈ کھیلنے کی اجازت، سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کو انگلینڈ میں ہونے والے ویمنز ہنڈریڈ ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق فاطمہ ثناء انگلینڈ میں ہونے والے ویمنز ہنڈریڈ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے غیر حاضر رہیں گی۔

فاطمہ ثناء پہلے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی جو ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

28 جولائی کو ون ڈے سیریز مکمل ہونے کے بعد وہ ہمبنٹوٹا سے براہِ راست انگلینڈ روانہ ہوں گی جہاں وہ برمنگھم فینکس کی جانب سے ہنڈریڈ ٹورنامنٹ کے باقی میچز کھیلیں گی۔

24 سالہ فاطمہ ثناء گزشتہ ماہ ویمنز ہنڈریڈ کی کسی بھی ٹیم میں منتخب ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بنی تھیں۔

انہوں نے حالیہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی تھی اور 11 وکٹیں حاصل کیں۔

پی سی بی کے مطابق یہ فیصلہ فاطمہ ثناء کو دنیا کی مسابقتی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں کھیلنے کا تجربہ فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہےجو ان کی اور قومی ٹیم دونوں کی ترقی میں مددگار ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں