بلوچستان کے 13اضلاع کی لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کیلئے اسپیشل سیکرٹری ہوم کی قیادت میں کمیٹی قائم کردی گئی

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان کے 13اضلاع کی لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کیلئے اسپیشل سیکرٹری ہوم کی قیادت میں کمیٹی قائم کردی گئی جو 10جولائی تک اپنی سفارشات صوبائی حکومت کو پیش کریگی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے 13اضلاع کوئٹہ، حب،لسبیلہ، گوادر، تربت ٗپنجگور، واشک، چاغی، خاران، نوشکی، ژوب، شیرانی، قلعہ سیف اللہ میں لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کیلئے اسپیشل سیکرٹری محکمہ داخلہ کی قیادت میں ایک5رکنی کمیٹی قائم کی گئی جس کے ممبران میں ایڈیشنل سیکرٹری(بجٹ 1-)محکمہ خزانہ،متلعقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ٗمتعلقہ اضلاع کے ایس پی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز، ونگ کمانڈرز شامل ہیں کمیٹی بی ایریا کو اے ایریا میں ضم کرنے کی سفارشات 10جولائی تک صوبائی حکومت کو پیش کریگی اسکے بعد 13اضلاع کی لیویز فورس کو پولیس میں ضم کیا جائے گا۔کمیٹی 13 اضلاع میں تمام لیویز فورس بشمول اثاثے، اسلحہ، گولہ بارود وغیرہ کو متعلقہ ضلعی پولیس کے حوالے کرنے کی نگرانی کرے گی،کمیٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ صوبائی حکومت کے فیصلے کے مطابق، تمام لیویز فورس مذکورہ اضلاع میں موجود اس کے اثاثوں کے ساتھ 10 جولائی 2025 تک متعلقہ ضلعی پولیس کے حوالے کر دی جائے۔ کمیٹی کے چیئرمین 15 جولائی 2025 کو وزیر اعلیٰ بلوچستان اور کمانڈر ہیڈ کوارٹر 12 کور کی مشترکہ صدارت میں ہونے والی کانفرنس میں اس معاملے پر بریفنگ دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں