بلوچ یکجہتی کونسل کے الزامات بے بنیاد ہیں، ثبوت ہیں تو سامنے لائیں،سردار نور احمد بنگلزئی

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردار نوراحمد بنگلزئی نے بلوچ یکجہتی کونسل کی جانب سے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ایک پارلیمانی سیاستدان ہوں اور میرے پاس لوگ اپنے مسائل کے لئے آتے ہیں اور میں حسب توفیق ان مسائل حل کی کوشش کرتا ہوں،بی وائے سی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے کوئی ثبوت ہیں تو وہ پیش کرے بصورت دیگر الزام تراشی بند کی جائے۔یہاں جاری ہونے والے ایک وضاحتی بیان میں سردارنوراحمد بنگلزئی نے کہا کہ بی وائی سی کی طرف سے بے بنیاد اور من گھڑٹ بیان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ بی وائے سی نے مجھ پر الزام لگایا ہے کہ کسی ادارے کی جانب سے زبردستی لوگوں کو میرے سامنے پیش ہونے کا کہا جاتا ہے اور میں زبردستی ان کی ویڈیوز بناتا ہوں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بی وائے سی کے اس الزام کی سختی سے تردید اور مذمت کرتا ہوں اورواضح کرنا چاہتا ہوں میں ایک پارلیمانی سیاستدان ہوں اور میرے پاس لوگ اپنے مسائل کے لئے آتے ہیں اور میں حسب توفیق ان مسائل حل کی کوشش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بی وائے سی کے پاس الزامات کی کوئی ثبوت یا ویڈیو ہے تو عوام کے سامنے پیش کرے اگر انکے پاس کچھ نہیں ہے تو بلوچ عوام کو مزید گمراہی کی طرف دھکیلنا بند کیا جائے انہوں نے کہا کہ میں ایک ذمہ دار پارلیمانی سیاستدان ہوں اور اپنے حلقے اور عوام کی خدمت کو اپنا فریضہ سمجھتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں