کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی رہنما و کونسل ممبر عصمت اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت نے مالی سال2025-26ء کا عوام دوست بجٹ ایوان میں پیش کیا ہے جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان اورانکی کابینہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں عصمت اللہ کاکڑ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم،صحت کیلئے خاطرخواہ فنڈ مختص اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کو اپ گریڈ اور رورل ہیلتھ سینٹرز کو فعال کرنے کا اعلان کیا ہے جو ایک احسن اقدام ہے جس سے عوام کو صحت بنیادی سہولیات انکی دہلیز پر میسرآئیں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق ایک عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے جس پر وزیراعلیٰ اورانکی کابینہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹمیں تمام علاقوں کو یکساں بنیادوں پر فنڈز اور ترقیاتی منصوبوں کی فراہمی یقینی بنائی ہے جس سے عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

