جامعہ بلوچستان کے آفیسرز اور اساتذہ کرام کی تنخواہوں کیلئے منظور شدہ رقم کے فوری اجراء کو یقینی بنایا جائے،ایڈمنسٹریٹوآفیسرز ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی)ایڈمنسٹریٹوآفیسرز ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان کے صدر نذیر احمد لہڑی، جنرل سیکرٹری نعمت اللہ کاکڑ،بائب صدر محمد اکرم جتک،جوائنٹ سیکرٹری سید شاہ بابر، فنانس سیکرٹری عبدالرشید مینگل،پریس سیکرٹری محمود خان اور ایگزیکٹیو ممبران شمس علی زئی،منیر جتک، ملک طاہر کاسی، عالم خروٹی، ذولفقار حیدر نے اپنے ایک بیان میں کہاہے جامعہ بلو چستان کے مئی 2025 کی تنخواہیں کی ادائیگی کے بارے میں فی الحال واضح خبریں سامنے نہیں آئیں لیکن دستیاب تازہ اطلاعات کے مطابق فنانس سیکرٹری نے ریلیز آرڈر کرنے سے انکار کیا حالانکہ وزیراعلٰی بلوچستان سمری منظور کر چکے ہیں بیوروکریسی کاناروا عمل جامعہ بلوچستان کے اساتذہ کرام اور آفیسران کو ابھی تک تنخواہوں کی ادائیگی میں رکاوٹ ہے یہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ صوبائی بیوروکریسی کی ترجیحات میں تعلیم اور اعلی تعلیمی ادارے بالکل بھی شامل نہیں ہیں، انہوں نے یہ واضح کیا کہ صوبائی بیوروکریسی مختلف ھیلے اور بہانوں سے ایک منصوبہ کے تحت بلوچستان کی جامعات کو تباہی کے دھانے پر لے کر جا رہی ہے۔ بیان میں اس امر پر انتہائی غم و غصہ کا اظہار کیا گیا کہ ایک طرف تو صوبے کا وزیراعلٰی بلوچستان، وزیر تعلیم و خزانہ، ایچ ای سی و صوبائی حکومت کی ہر فورم پر اعلیٰ تعلیم کی ترقی اور بہتری کو اپنی اولین ترجیح کہتے ہوئے نہیں تھکتے لیکن عملا” اس کی بیوروکریسی بلوچستان کی جامعات کو بد ترین مالی مشکلات کی طرف دھکیل رہی ہے جو کہ نسل کشی کے مترادف عمل ہے، مزید یہ کہ ایک طرف تو صوبائی بیوروکریسی اپنے لئے مختلف الاونسزز اور دیگر مراعات اپنی تنخواہوں میں ڈلوالتے نہیں تھکتی اور دوسری طرف وہ بڑی بے حسی اور بے شرمی سے بلوچستان یونیورسٹی سمیت صوبہ کی دیگر یونیورسٹیز کے ملازمین سے ان کے جائز اور سالہا سال سے اپرووڈ الا ؤنسزز کاٹتی جارہی ہے جو کہ ایک سرا سر ناجائز اور قابل گرفت اقدام ہے جس کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں اور ہر فورم پر مخالفت بھی کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ بیان میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ صوبائی حکومت فی الفور جامعہ بلوچستان کے اساتذہ کرام اور آفیسران کو ماہ مئی کی مکمل تنخواہ بمعہ تمام الاونسزز اور پینشنز کی جلد از جلد ادائیگی کرے اور مستقبل میں تمام جامعات کے ملازمین کی تنخواہوں اور پینشنز کی مکمل اور بر وقت ادائیگی کو ہر صورت یقینی بنائے، تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی اور پریشانی کا سد باب کیا جاسکے بصورت دیگر ایڈمینسٹریٹو آفیسرز ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان کی دیگر ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر احتجاج کے تمام آپشنز استعمال کرے گی اور اس کا ذمہ دار صوبائی فنانس سیکرٹری ہو گا

اپنا تبصرہ بھیجیں