کھیل نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے کھیلوں کا فروغ ناگزیر ہے کمشنر سیوی

سیوی(رپورٹر) محکمہ اسپورٹس اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے جاری جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول آخری مراحل میں داخل ہوگیا، اس سلسلے میں بیڈمنٹن اور کرکٹ ٹورنامنٹس کے فائنل مقابلے منعقد ہوئے، جن میں کھلاڑیوں نے بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی اور صوبائی وزیر کھیل محترمہ مینا مجید کی خصوصی ہدایات پر منعقدہ اسپورٹس فیسٹیول کے تحت مختلف کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں سپورٹس کمپلیکس سیوی میں بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے منعقد ہوئے، جن کے مہمانِ خصوصی کمشنر سیوی ڈویژن اسداللہ فیض تھے۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 16 ٹیموں نے حصہ لیا، جبکہ مقابلوں کی نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس سیوی ڈویژن رحیم بخش جوئیہ اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر بابر علی سیلاچی نے کی۔ ٹورنامنٹ کا انعقاد جنرل سیکریٹری بیڈمنٹن ایسوسی ایشن و آرگنائزر جی رام داس ڈومکی کی زیر نگرانی کیا گیا سینئر کیٹیگری کے فائنل میں مبشر اور عثمان کی جوڑی نے بابو رفیق اور منیر کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی، جبکہ بابو رفیق اور منیر رنر اپ رہے۔ جونیئر کیٹیگری کے فائنل میں شبھ کمار اور اویس نے غازی اور قاضی کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی اور ٹرافی اپنے نام کی۔
دوسری جانب پی سی بی گراؤنڈ سیوی میں جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار فائنل کھیلا گیا فائنل کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ اسپورٹس رخشان ڈویژن محمد ایاز داجلی تھے، جبکہ میچ ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس سیوی رحیم بخش جوئیہ اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر بابر خان خجک کی نگرانی میں کھیلا گیا فائنل میں سبی گرین اور سبی بلیو کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا۔ سبی گرین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 8 اوورز میں 51 رنز بنائے اور سبی بلیو کو 52 رنز کا ہدف دیا، جسے سبی بلیو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 7 اوورز میں حاصل کرکے فائنل اپنے نام کرلیا۔ یوں سبی بلیو جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم قرار پائی کرکٹ میچ میں کمنٹری کے فرائض خدا داد چانڈیو نے سرانجام دیے جبکہ محمد بخش راجہ نے امپائر کے فرائض انجام دیے۔ میچ دیکھنے کے لیے محکمہ اسپورٹس کے سینئر کلرک محمد قیوم جمالی، خدا بخش سیلاچی، اللہ داد کھوسو، اعجاز رند، طارق سیلاچی، شاہد اقبال سمیت شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد موجود تھی بیڈمنٹن مقابلوں کے اختتام پر کمشنر سیوی ڈویژن اسداللہ فیض جبکہ کرکٹ فائنل کے اختتام پر مہمانِ خصوصی محمد ایاز داجلی نے فاتح اور رنر اپ کھلاڑیوں اور ٹیموں میں ٹرافیاں، انعامات اور دیگر اعزازات تقسیم کیے۔ اس موقع پر معروف اسپورٹس دوست خدا بخش سیلاچی نے دونوں کرکٹ ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اپنی جانب سے دونوں ٹیموں کو ٹی پارٹی کے لیے دو، دو ہزار روپے نقد بھی دیے۔
ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر بابر علی سیلاچی نے جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول کو کامیاب بنانے میں ایم پی اے سیوی سردار کوہیار خان ڈومکی کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے میدان سجانے اور انہیں مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے میں بھرپور کردار ادا کررہے ہیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سیوی ڈویژن اسداللہ فیض نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے کھیلوں کا فروغ ناگزیر ہے نوجوان نسل ہمارا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کی معمار ہے، انہیں مثبت سرگرمیوں اور کھیلوں کے میدانوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول کا مقصد نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ وطنِ عزیز سے محبت اور قومی جذبے کو مزید اجاگر کرنا ہے انہوں نے بیڈمنٹن اور دیگر کھیلوں میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہے، اصل کامیابی کھیل کے جذبے، نظم و ضبط اور مثبت مقابلے میں ہے کرکٹ ٹورنامنٹ کے کھلاڑیوں نے جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول کے انعقاد پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی، صوبائی وزیر کھیل محترمہ مینا مجید، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اسپورٹس سیوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی ایسی سرگرمیوں سے نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع میسر آتے ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں بھی کھیلوں کے مزید مقابلوں کے انعقاد کی امید ظاہر کی اختتام پر کمشنر اسداللہ فیض نے فاتح کھلاڑیوں، رنر اپ ٹیموں، منتظمین اور محکمہ اسپورٹس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیوی میں نوجوانوں کو کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے آئندہ بھی مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں