پشاور کو پہلی بار اسکواش کے عالمی مقابلوں کی میزبانی مل گئی

پشاور کو پہلی بار اسکواش کے عالمی مقابلوں کی میزبانی مل گئی۔ شمس القمر پی ایس اے سیٹلائٹ انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 20 سے 24 اگست 2026 تک منعقد ہوگی۔

خیبرپختونخوا اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور شمس القمر فاؤنڈیشن کے تعاون سے ہونے والے پانچ روزہ بین الاقوامی ایونٹ میں مجموعی طور پر ایک ہزار امریکی ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان بھر سے 32 بہترین اسکواش کھلاڑی شرکت کریں گے جہاں قومی اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) کے تحت عالمی رینکنگ پوائنٹس حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب 20 اگست کو ہوگی جبکہ مین ڈرا اور ناک آؤٹ راؤنڈز 20 سے 23 اگست تک جاری رہیں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل اور اختتامی تقریب 24 اگست کو منعقد ہوگی۔

اس موقع پر اسکواش کے لیجنڈ اور سابق عالمی نمبر ایک قمر زمان نے کہا کہ اس نوعیت کے بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور کی اسکواش کے حوالے سے شاندار تاریخ ہے اور ایسے مقابلے خیبرپختونخوا کی عالمی اسکواش میں روایتی حیثیت کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

منتظمین نے کھیلوں کے شائقین، میڈیا نمائندوں اور اسکواش سے دلچسپی رکھنے والے افراد کو ٹورنامنٹ میں شرکت کرکے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی دعوت دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں