اسلام آباد (این این آئی)حکومت پاکستان اور فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی (اے ایف ڈی)کے درمیان 12ملین یورو کی گرانٹ کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ترجمان وزارت اقتصادی امور کے مطابق سیکریٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز، پاکستان میں فرانسیسی سفیر نکولس گیلی اور اے ایف ڈی کے ڈائریکٹر ونسنٹ تھیونو نے معاہدے پر دستخط کئے۔انہوں نے بتایا کہ یہ یورپی یونین کی گرانٹ ہے جو فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی کے زیر انتظام فراہم کی جائے گی اوور یہ منصوبہ واسا لاہور اور فیصل آباد کی گورننس، آپریشنل کارکردگی اور سروس کے معیار کو بہتر بنانے میں کارگر ثابت ہوگا۔ترجمان اقتصادی امور نے کہا کہ یہ منصوبہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کیلئے موثر ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری اور اس کے نفاذ میں مدد فراہم کرے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ اس منصوبے سے واسا میں شفاف فیصلہ سازی کو فعال کرنے کیلئے آلات کی خریداری اور ڈیجیٹائزیشن میں معاونت ملے گی۔
