چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا یہ فیصلہ قابلِ ستائش ہے، جس سے بلوچستان میں پارٹی کو مزید تقویت اور استحکام حاصل ہوگا،پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سردار سربلند خان جوگیزئی

کوئٹہ (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سردار سربلند خان جوگیزئی نے پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کی نومنتخب صوبائی کابینہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ یہاں جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے صوبائی صدر سردار محمد عمر گورگیج، صوبائی جنرل سیکریٹری ربانی کاکڑ اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات ظہور بلیدی کو اہم ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا یہ فیصلہ قابلِ ستائش ہے، جس سے بلوچستان میں پارٹی کو مزید تقویت اور استحکام حاصل ہوگا۔سردار سربلند خان جوگیزئی نے کہا کہ سردار محمد عمر گورگیج، ربانی کاکڑ اور ظہور بلیدی جیسے مخلص، باصلاحیت اور تجربہ کار رہنما بلوچستان میں پیپلز پارٹی کو ایک مضبوط سیاسی قوت کے طور پر اْبھاریں گے اور صوبے کے عوام کے مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی اور جمہوری جماعت ہے جو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے فلسفے پر کاربند ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ان شاء اللہ بلوچستان سمیت پورے ملک میں کامیابی کی نئی تاریخ رقم کرے گی۔سردار سربلند خان جوگیزئی نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب کابینہ پارٹی کارکنوں کو مزید متحرک اور متحد رکھے گی اور پارٹی کے پیغام کو گھر گھر تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے نومنتخب رہنماؤں کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس عظیم ذمہ داری کو ایمانداری اور محنت سے نبھانے کی توفیق عطا فرمائے

اپنا تبصرہ بھیجیں