شہید نواب اکبر خان بگٹی کی قیادت کا دور بلوچستان کی تاریخ کا ایک سنہری اور تابناک باب ہے،جے ڈبلیو پی

کوئٹہ(این این آئی) جمہوری وطن پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید وطن نواب محمد اکبر خان بگٹی کی قیادت کا دور بلوچستان کی تاریخ کا ایک سنہری اور تابناک باب ہے جسے آج بھی احترام اور عقیدت کے ساتھ یاد کیا جاتا ہے۔ نواب بگٹی نہ صرف ایک مدبر سیاستدان اور بصیرت افروز رہنما تھے بلکہ بلوچ قوم کی خودداری، وقار اور حقوق کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ شہیدے وطن نواب اکبر خان بگٹی نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے اجتماعی مفادات، خودمختاری اور وسائل پر حقِ ملکیت کے تحفظ کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔ انہوں نے سیاست کو ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر بلوچ عوام کی خدمت اور ان کے حقوق کے لیے وقف کیا۔ ان کے دور میں قبائلی روایات اور جدید سیاسی بصیرت کا حسین امتزاج نظر آتا تھا، جس نے بلوچستان کی قومی سیاست کو نئی جہت عطا کی۔جمہوری وطن پارٹی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ نواب بگٹی کا کردار صرف ایک قبائلی سردار کا نہیں تھا بلکہ وہ ایک قومی رہنما، مدبر اور عوامی خدمت گزار تھے۔ ان کے دور میں بلوچ عوام کی آواز کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں حیثیت حاصل ہوئی، وہ مظلوموں کے حق میں ڈٹ کر کھڑے ہوتے اور ہر اس سازش کے خلاف صف آراء رہتے جو بلوچستان کے وسائل کی لوٹ مار یا عوام کے استحصال کی راہ ہموار کرتی۔بیان میں اس امر پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ آج بلوچستان کے معدنی وسائل، خاص طور پر ریکوڈک اور سایندک جیسے منصوبے، مقامی عوام کی مرضی اور مفادات کے برعکس بین الاقوامی کمپنیوں اور مقامی اشرافیہ کے ہاتھوں بے دردی سے لوٹے جا رہے ہیں۔ مقامی آبادی کو ان وسائل کے ثمرات سے محروم رکھ کر ناانصافی اور استحصال کا بازار گرم کیا جا رہا ہے، جس کی جمہوری وطن پارٹی پرزور مذمت کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں