اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم و حکومتی اقدامات سے عاشورہ محرم الحرام پر امن رہا، وزیر داخلہ

اسلام آبا د(این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اللہ تعالٰی کے فضل و کرم اور حکومتی اقدامات سے عاشورہ محرم الحرام پر امن رہا، بھائی چارے اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ میں علمائے کرام کا کردار قابل ستائش ہے،فورسز نے جانفشانی اور ہم آہنگی سے فرائض سر انجام دیے اور عزاداروں کے جلوسوں و مجالس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی، سب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔پیر کو وزارت داخلہ سے جاری بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا،بلوچستان، سندھ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں تمام جلوس و مجالس بخیر و عافیت اختتام پذیر ہوئیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ عاشورہ محرم پر فوج، رینجرز، پولیس و انتظامیہ کی محنت اور پروفیشنل اپروچ کو خراج تحسین پیش اور یوم عاشور کی سکیورٹی پر متعین ہر جوان، افسر اور اہلکار کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بھائی چارے اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ میں علمائے کرام کا کردار قابل ستائش رہا، فورسز نے جانفشانی اور ہم آہنگی سے فرائض سر انجام دیے اور عزاداروں کے جلوسوں و مجالس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ملک بھر میں عزاداروں نے پرامن ماحول میں امام حسین اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا، پہلی محرم الحرام سے یوم عاشور تک مؤثر اور مربوط سکیورٹی پلان پر کامیابی سے عمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تمام فورسز اور فیلڈ فارمیشنز نے دن رات ایک کر کے مثالی نظم و ضبط اور اتحاد کا مظاہرہ کیا، بخیرو عافیت عشرہ محرم الحرام اختتام پذیر ہونے پر اللہ تعالی کے حضور سربسجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں