کوئٹہ(این این آئی) سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان بلوچستان درا بلوچ نے کہا ہے کہ آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ کا افتتاحی میچ 15جولائی کو شام ساڑھے چھ بجے بلوچ کلب نوشکی اور افغان کلب چمن کے درمیان کھیلا جائیگا،ٹورنامنٹ کے انعقاد سے نوجوانوں کو کھیلوں کے اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔درا بلوچ نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی مشیرکھیل مینا مجید کی خصوصی ہدایت پر محکمہ کھیل نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اور صوبے میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹ بال گولڈ کپ ٹورنامنٹ 15جولائی سے شروع ہوگا جس میں پاکستان بھر سے فٹ بال کی ٹیمیں حصہ لیں گی گولڈ کپ کا افتتاحی میچ 15جولائی کی شام ساڑھے 6بجے ایوب سپورٹس کمپلیکس فٹ بال گراونڈ میں بلوچ کلب نوشکی اور افغان کلب چمن کے درمیان کھیلا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گولڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 50سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے تمام مقابلے ڈے اینڈ نائٹ ہونگے ٹورنامنٹ کے درمیان نوجوانوں کو فٹبال کے بہترین میچ دیکھنے کو ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سپورٹس بلوچستان ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں اورشائقین کو تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گا اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

