کوئٹہ(این این آئی)مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس سے کسی بھی صورت دستبردار نہیں ہونگے اور کشمیری عوام پر بھارتی فوج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے،5اگست 2019ء کو یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب بھارت نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کو پس پشت ڈال کر بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی کی اور وادی کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا آج مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمان بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں مگر بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ ظلم و ستم کا کوئی بھی حربہ کشمیریوں کو ان کے منصفانہ قانونی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت دیے گئے خودارادیت کے جمہوری حق سے محروم نہیں کرسکتا۔مسلم لیگ(ن) کوئٹہ کے رابطہ آفس سے جاری ہو نے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ پانچ اگست کشمیری عوام کے لیے یوم سیاہ کا دن کے طور پر منایا جاتا ہے کیونکہ پانچ اگست 2019 کو انڈیا میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے انڈین آئین کی شق 370 کے خاتمے کا اعلان کیا، جس کے تحت ریاست جموں و کشمیر کو نیم خودمختار حیثیت اور خصوصی اختیارات حاصل تھے کشمیر کی سیاسی جماعتوں اور عوام نے اس فیصلے کی شدید مذمت کی ہے ان کے مطابق یہ قدم کشمیری عوام کی آواز کو دبانے اور ان کے حقوق کو سلب کرنے کی کوشش ہے شق 370 کا خاتمہ انڈیا کی وفاقی حکومت کی طرف سے ایک یکطرفہ اور غیر جمہوری اقدام ہے جس نے کشمیریوں کی امنگوں اور حقوق کو پامال کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شق 370 کی منسوخی غیر آئینی اور غیر قانونی ہے کیونکہ یہ شق ریاست جموں و کشمیر کے انڈیا کے ساتھ الحاق کی بنیاد تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام نے ریاست کی خصوصی حیثیت اور خودمختاری کو ختم کر کے یہاں کے عوام کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی جماعتوں نے مودی حکومت کے اس اقدام کو انڈیا کی جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوا ہے اور انڈیا کی حکومت کی جانب سے یہاں کی عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)اور پاکستان کے عوام کشمیری عوام کی حمایت میں ہر محاذ پر آواز اٹھائے گی اور ان کے حقوق کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں اور ہندوستان کے اس غیر آئینی اقدام کے خلاف اقدامات اٹھائیں۔

