کوئٹہ(این این آئی) صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلوچستان سردار عبدالرحمن کھتران نے 5 اگست یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ دن مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی، بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت، اور کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے یکطرفہ اور غیر آئینی اقدام کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، جو نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق پر بھی کھلا حملہ ہے۔سردار عبدالرحمن کھتران نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی ریاستی دہشتگردی، محاصروں، گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن ان کے حوصلے اور جذبے کو دنیا سلام کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہر فورم پر جاری رکھے گا اور ہر ممکن کوشش کرے گا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہو۔آخر میں انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کرے اور بھارت کو ظلم و جبر سے باز رکھنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

