کانوں میں حادثات کی روک تھام اور مزدوروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں،صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی

کوئٹہ(این این آئی)صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی کی زیر صدارت محکمہ معدنیات و کان کنی کی تنظیمِ نو اور آٹومیشن منصوبے کے لیے فنڈز کی فراہمی و اجرا سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری معدنیات سیدال لونی، ڈی جی معدنیات عبداللہ شاہوانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ معدنیات و کان کنی کا شعبہ بلوچستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس شعبے سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے، لہٰذا اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹومیشن منصوبے سے شفافیت، کارکردگی اور نگرانی میں بہتری آئے گی۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کانوں میں حادثات کی روک تھام اور مزدوروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو بھی مائنز اونرز یا ادارے مزدوروں کو حفاظتی لوازمات کی فراہمی میں غفلت کے مرتکب ہوں، ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہداہت پر مائنز اونرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس میں مائنز ایکٹ سے متعلق مختلف قانونی پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ صوبائی وزیر نے مائنز اونرز کے جائز اور قانونی مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے ساتھ کان کنی کے شعبے کو فعال، محفوظ اور پائیدار بنانے کے لیے پْرعزم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں