بلوچستان کمیونٹی اسکولز ٹیچرز کا تھرڈپارٹی سے معاہدہ ختم کرکے براہ راست بی ای ایف کے ساتھ کیا جائے،امین اللہ خان میانی

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان کمیونٹی اسکولز ٹیچرز ایسوسی ایشن کا اپنے جائز مطالبات کے حل کیلئے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ 65ویں روز بھی جاری رہا۔احتجاجی کیمپ میں اساتذہ سے بات چیت کرتے ہوئے بلوچستان کمیونٹی اسکولز ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدرامین اللہ خان میانی نے کہا کہ کمیونٹی اساتذہ عرصہ 18سال سے انتہائی قلیل تنخواہوں پر بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں باقاعدگی سے ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں ادارہ بی ای ایف نے گاؤں میں ایک کمیٹی بنائی ہے اورمعاہدہ کمیٹی سے کیا ہے اور کمیٹی نے ہم سے معاہدہ کیا ہے تھرڈ پارٹی سے معاہدہ انتہائی ناقص عمل ہے تھرڈ پارٹی 95فیصد ان پڑھ لوگوں پر مشتمل ہے وہ ٹیچرز کو ذاتی ملازم سمجھتے ہیں اوراستادسے ایک مزدور جیسا رویہ رکھتے ہیں جوکہ علم دشمن پالیسی ہے ہم اسطرح غلط پالیسیوں کو مسترد کرتے ہیں جس کی وجہ سے علم کی روشنی پر برے اثرات مرتب ہوں۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی جب چاہے ادارے کے ساتھ ملکر ٹیچرز کو ملازمت سے نکال دیتے ہیں اور کمیونٹی صدراپنے من پسند ٹیچرز(اپنی بیٹی یابیٹے) کو تعینات کرتے ہیں جس کی وجہ سے اساتذہ کی تمام محنت ضائع ہوجاتی ہے بلوچستان کمیونٹی اسکولز ٹیچرز ایسوسی ایشن کو یہ پالیسی ہرگز قابل قبول نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ حمید خان دانی، وزیر فنانس میر شعیب نوشیروانی، چیف سیکرٹری بلوچستان،سیکرٹری تعلیم اور ادارے کے مینجنگ ڈائریکٹر میر عبدالواحدشاکر سے اپیل کرتے ہیں کہ اساتذہ کا تھرڈ پارٹی سے معاہدہ ختم کرکے براہ راست بی ای ایف کے ساتھ معاہدہ کیا جائے تاکہ اساتذہ غلامی سے آزاد ہوکر مزید بہتر طریقے سے بچوں کو تعلیم دے سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں