کوئٹہ (این این آئی) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صوبائی ترجمان کاشف حیدری، رکن صوبائی کونسل عزت اللہ کاظمی، منظور حسین، محمد علی، لالا عبدل احمد، سلیمان علی، علی مدد حیدری و دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں کیسکو عملہ گھروں اور دیواروں سے بجلی کے میٹرز اتار کر لوہے کی راڈ کے ذریعے کھمبوں پر نصب کر رہا ہے جو شہریوں کے لیے نہایت خطرناک اور غیر محفوظ طرزِ عمل ہے اور کسی بھی وقت جان لیوا حادثے کا باعث بن سکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ کھمبوں پر اس انداز سے میٹرز لگانے سے بارش، تیز ہوا یا ذرا سی غفلت کے نتیجے میں کرنٹ لگنے، شارٹ سرکٹ اور آگ لگنے کے خدشات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی شہر کے مختلف علاقوں میں اسی طرح نصب کیے گئے میٹرز کے جلنے، تار پگھلنے اور قریبی مکانات کو نقصان پہنچنے کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں مگر افسوس کہ متعلقہ حکام نے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے تدارک کے لیے اختیار کیے جانے والے اقدامات عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر نہیں ہونے چاہئیں بلکہ جدید اور محفوظ طریقے اپنائے جائیں تاکہ شہری بھی محفوظ رہیں اور بجلی کا نظام بھی بہتر ہو۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ پالیسی کو فوری طور پر ختم نہ کیا گیا تو کسی بڑے سانحے کی ذمہ داری کیسکو حکام پر عائد ہوگی اور عوامی ردعمل بھی شدید ہوگا۔

