لورالائی(این این آئی) کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ سے آ ل پارٹیز ، انجمن تاجران و ٹرانسپورٹرز کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ جس میں مولوی محمد امین زاہد، نعمت خان جلالزئی، سردار اعظم جان، کمانڈر شاہ محمد زخپیل، سردار جعفر خان اتمان خیل، صابر خان کدیزئی، پیر محمد کاکڑ،حاجی باقی اتمان خیل و دیگر رہنماؤں نے کثیر تعداد میں شرکت کی. ڈپٹی کمشنر لورالائی میران خان بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں لورالائی رکھنی روٹ کی رات کے وقت بندش، لورا لائی ایریا میں ٹول پلازہ، اور شہر میں ٹریفک کے مسائل پر تفصیلی بحث کی گئی۔ اور سواریوں کے طویل انتظار، لوڈ ٹرکوں کے کھڑے ہونے سے سبزیوں کے خراب ہونے اور بروقت مارکیٹ تک نہ پہنچنے پر ہونے والے نقصانات کا ذکر کیا اور اس کے بارے میں تجاویز پیش کی گئیں۔ کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے شرکاء سے کہا کہ حکومت کسی بھی طرح عوام کا نقصان نہیں چاہتی لورالائی ٹو رکھنی روٹ پر فورسز کی گشت دن رات جاری ہے عوام خصوصاً مسافروں کی جان و مال کی حفاظت انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ جانی نقصان سے بچنے کے لئے کچھ مالی نقصان کی قربانی دینے پڑ تی ہیں تا ہم جہاں تک ممکن ہو ٹریفک کو چلنے دیا جائے گا کسی کو بھی مشکل میں مبتلا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کمشنر ڈی جی خان، این ایچ اے اور دیگر متعلقہ حکام سے بھی اس بارے رابطہ کرنے کی یقین دھانی کرائی، اور کہا کہ ہڑتال کرنا کسی طور بھی مناسب نہیں مل بیٹھ کر بات چیت سے مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔ آ ل پارٹیز کے رہنماؤں نے ان کی بات اطمینان سے سننے اور تعاون کرنے پر کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ درپیش مسائل کو جلد حل کیا جائے گا۔

