اجتماعی فلاح و بہبود، عوامی مسائل کا حل اور سفارشی کلچر کا مکمل خاتمہ میری اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر حضرت ولی کاکڑ

شیرانی (این این آئی) ڈپٹی کمشنر حضرت ولی کاکڑ نے کہا ہے کہ انفرادی مفادات کی بجائے اجتماعی فلاح و بہبود، عوامی مسائل کا حل اور سفارشی کلچر کا مکمل خاتمہ میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عوامی خدمت کو عبادت سمجھ کر ادا کیا جائے گا اور کسی کے ساتھ ناانصافی یا حق تلفی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہا کہ کوئی بھی غریب یا غیر معروف شہری، اگر اپنے بنیادی یا قانونی حق سے محروم ہے، تو بلاجھجک براہِ راست مجھ سے رابطہ کرے۔ کسی کو بھی سفارش کی بنیاد پر آنے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ سفارش کی بنیاد پر آنے والے کسی کام کی توقع ہرگز نہ رکھیں۔ میں چاہتا ہوں کہ ایک عام شہری بھی عزت اور سہولت کے ساتھ اپنے جائز مسائل کے حل کیلئے براہِ راست ڈپٹی کمشنر آفس تک رسائی حاصل کر سکے انہوں نے یہ بات مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفود نے حضرت ولی کاکڑ کی بطور ڈپٹی کمشنر تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تعیناتی سے عوامی مسائل کے حل میں تیزی آئے گی۔ اس موقع پر پریس کلب شیرانی کے صدر سردار غلام سرور شیرانی سول سوسائٹی کے نمائندے اور دیگر معززین بھی موجود تھے جنہوں نے ڈپٹی کمشنر کو دلی مبارکباد پیش کی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ڈپٹی کمشنر حضرت ولی کاکڑ نے مزید کہا کہ تعلیم، صحت، مواصلات، بجلی، زراعت اور لائیو اسٹاک سمیت مختلف شعبوں میں عوامی مسائل کے حل کیلئے دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں عوامی مسائل کے حل کیلئے اوپن ڈور پالیسی پر یقین رکھتا ہوں اور اس مقصد کیلئے عوامی کھلی کچہری بھی منعقد کی جائے گی تاکہ لوگ بلا جھجک اپنی شکایات اور مسائل پیش کر سکیں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ وسائل کو شفاف انداز میں استعمال کرتے ہوئے ایک مؤثر نظام بنایا جائے گا، جس میں بدعنوانی، سفارش اور اقربا پروری کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی

اپنا تبصرہ بھیجیں