آٹا مافیا نے تھیلے کے نرخوں میں 300روپے فی 15 کلو گرام اضافہ کر دیا، حکومت بے بسی کی تصویر بنی ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(این این آئی)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ ملک میں حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آتی اسی لئے ملک اس وقت مختلف مافیاز کے کنٹرول میں نظر آتا ہے بے بس عوام کہیں لینڈ مافیا کے ہاتھوں لٹ رہے ہیں تو کہیں چینی اور آٹا مافیاز کے ہاتھوں چینی مافیاز نے چینی کی ریٹیل پرائس میں یکا یک 100 روپے فی کلو کا اضافہ کر کے راتوں رات عوام کی جیبوں سے ہزاروں ارب روپے نکال لئے حکومت نے چینی مافیاز کے خلاف زبانی جمع خرچ سے زیادہ کچھ نہیں کیا جسکا نتیجہ یہ نکلا کہ اب آٹا مافیا نے حکومت کی رٹ کو چیلنج کرتے ہوئے آٹے کے تھیلے کے نرخوں میں 3 سو روپے فی 15 کلو گرام اضافہ کر دیا ہے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کر تے ہی ان ذخیرہ اندوزوں نے ملک کے مختلف شہروں میں آٹا غائب کر دیا ہے جس کی وجہ سے عوام یہ مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوارسینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ آٹے اور گندم کی غیرقانونی نقل وحمل روکنے کیلئے حکومت نے ایک بار پھر وہی روایتی پھرتیاں دکھانی شروع کر دی ہیں جن کا مظاہرہ اس نے سال بھر چینی کی قیمتوں کے اضافے کے حوالے سے کیا لیکن چینی کی قیمتوں پر قابو پایا نہ ملوث مافیا کے خلاف قانونی کاروائی کی.ذخیرہ اندوز مافیاز نے سیلابی صورت حال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اشیاء خورد و نوش میں کمی کرنے کی بجائے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ کرکے اجناس کو راتوں رات مارکیٹ سے غائب کر دیا ہے گندم کی قیمتوں میں ریکارڈ تیزی کے باعث پنجاب سے بڑے پیمانے پر گندم اور آٹے کی دوسرے صوبوں کو ترسیل کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں حالیہ دنوں میں بڑے پیمانے پر آٹا اور گندم کی سمگلنگ ہوئی ہے لیکن حکومت نے دانستہ تساہل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مافیاز کو من مانی کرنے کا موقع فراہم کئے رکھا جسکی وجہ سے اب آٹا مافیا عوام کی جیبوں سے ہزاروں ارب روپے نکال رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں