ڈیرہ مراد جمالی (این این آئی) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات کی روشنی میں پنجاب اور سندھ کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال کو مدنظر رکھ کر بلوچستان کے علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے جائزے کے لیے صوبائی وزیر ایریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے نصیر آباد ڈویژن کا دورہ کیا دورے کے موقع پر انہوں نے ممکنہ سیلابی صورتحال اور کیے گئے حکومتی اقدامات کے حوالے سے کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کی. اجلاس میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید بادینی صوبائی سیکرٹری آبپاشی صالح محمد ناصر، کمشنر نصیر آباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی، ڈپٹی کمشنر نصیر آباد منیر احمد خان کاکڑ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان،ڈپٹی کمشنر استامحمد عبدالرزاق خان پاکستان پیپلز پارٹی نصیرآباد ڈویژن کے صدر میر بلال صادق عمرانی چیف انجینیئر کنالز ناصر مجید سپرنٹنڈنگ انجینیئر ایریگیشن غلام سرور بنگلزئی ایگزیکٹو انجینیئر پٹ فیڈر کنال فرید احمد پندرانی ڈائریکٹر پٹ فیڈر کینال عتیق الرحمن ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر آمین مندوخیل ایگزیکٹو انجینیئر ایریگیشن ڈرنیج گل حسن کھوسہ ایگزیکٹو انجینیئر کچھی کینال غلام محمد بادینی ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ظہیر عمرانی سمیت دیگر افسران موجود تھے اجلاس کے موقع پر کمشنر نصیرآباد ڈویڑن صلاح الدین نورزئی نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ایریگیشن،صحت روڈ،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، لائیو سٹاک سمیت دیگر محکموں کے افیسران کو آن بورڈ لیا گیا ہے جنہوں نے تمام تر صورتحال کے حوالے سے بہتر حکمت عملی کر لی ہے جبکہ چیف انجینیئرز ناصر مجید نے آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف مقامات پر فلڈ ایمرجنسی کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں جہاں پر ہیوی مشینری آب کلانی مٹیریل اور عملے کو مستعد رکھا گیا ہے تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اریگیشن میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ سال 2010 کے تباہ کن سیلاب کے نقصانات کا خمیازہ آج بھی لوگ بھگت رہے ہیں ہمیں تمام تر پیشگی اقدامات کرنے ہوں گے اور سیلابی پانی کو ڈھلان کی طرف راستہ دینا ہوگا تاکہ کم سے کم ممکنہ نقصانات ہوں سیلاب ہماری معیشت کو تباہ و برباد کر دیتا ہے چیف منسٹر سندھ اور وزیراعلی بلوچستان باہمی روابط میں ہیں سکھر بیراج میں اگر پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی تو بلوچستان اور سندھ حکومت کے باہمی مشاورت سے ہی میدانی علاقوں میں کٹس لگائے جا سکتے ہیں ہمیں قوی امید ہے کہ دریائے سندھ میں آنے والے سیلابی ریلا گزر جائے گا مگر خطرناک صورتحال کو مد نظر رکھ کر ہی عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے دونوں صوبائی حکومتیں مل کر عملی طور پر اقدامات کریں گی انہوں نے کہا کہ ڈویڑنل انتظامیہ ابھی سے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام تر اقدامات کریں وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی کی جانب سے سخت ہدایات دی گئی ہیں فلڈ کے بعد ہنگامی حالات کے دوران لاپرواہی کے اعتراضات ناقابل قبول ہوں گے جہاں پر بھی کمزور پشتیں ہوں انہیں مضبوط کیا جائے انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ہم سب کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں مگر احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ہی نقصان سے بچا جا سکتا ہے ہمیں عوام کے مفاد عزیز ہیں عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی حکومت ڈویڑنل اور ضلعی انتظامیہ کی ہر قسم کے تعاون کو یقینی بنائے گی تاکہ لوگوں میں جو خوف پایا جا رہا ہے اسے دور کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ طبی مراکز میں سانپ، ڈائریا، ملیریا اور زچگی کے عمل کے لیے تمام تر انتظامات کو ابھی سے حتمی شکل دی جائے جن جن اضلاع میں ادویات اور ویکسین کی کمی دیکھی جا رہی ہے وہ فوری طور پر محکمہ صحت کو اس بابت تحریری طور پر آگاہی فراہم کریں تمام اضلاع میں فلڈ ایمرجنسی کنٹرول روم کے ذریعے سی ایم سیکٹریٹ کو آگاہی فراہم کی جائے تاکہ عوام کے مفاد میں بہتر معنوں میں اقدامات کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔

