کوئٹہ(این این آئی)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ سردست معاشرے کی تعمیر میں اپنے نوجوانوں کی شرکت کو یقینی بنانا ایک بڑا چیلنج ہے۔ جب مثبت ذرائع کی کمی ہوتی ہے تو اندھیرے جڑ پکڑ لیتے ہیں اور نوجوانوں کی بیگانگی پوری سماجی ہم آہنگی کو توڑ دیتی ہے۔ اگر ہم نوجوانوں کی مایوسی اور بیگانگی کو فوری طور پر دور کرنے میں ناکام رہے تو ہمارا معاشرہ کئی خطرات اور خدشات سے دو چار ہو سکتا ہے۔ اس ضمن میں حکومتی کوششوں کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کی نوجوان قیادت پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ نوجوانوں میں مثبت سوچ اور عوام دوست رویہ پیدا کرنے کیلئے شعوری کوششیں کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ کے صوبائی جنرل سیکرٹری میر سجاد رہیسانی کی قیادت میں نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ مجھے شدید غربت، بیروزگاری اور مہنگائی کے باعث نوجوانوں کو درپیش مشکلات کا خوب احساس ہے۔ صوبے بھر کے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے سرکاری اور نجی دونوں سطحوں پر عملی کوششوں کی اشد ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں بلوچستان کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کو خصوصی ہدایات دی گئیں ہیں کہ معیاری تعلیم کے ساتھ جدید مہارتوں اور ان لائن آئی ٹی کورسز سکھانے پر توجہ مرکوز رکھیں. گورنر مندوخیل نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں اور تمام مقابلہ کے امتحانات میں خالص میرٹ کو برقرار رکھ کر ہم قابل اور محنتی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ملک اور صوبے کے بہترین مفاد کیلئے بروئے کار لا سکتے ہیں۔ بلوچستان کے نوجوان ملک کے دیگر صوبوں کے نوجوانوں کی طرح یکساں ذہانت اور قابلیت کے مالک ہیں۔ انہیں ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کرنے کیلئے ضروری سہولیات اور مواقع کی ضرورت ہے۔

