بدعنوان افسران کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا نہ ایسے عناصر کو عدلیہ کا حصہ رہنے دیا جائے گا،چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ

تربت(این این آئی)چیف جسٹس عدالتِ عالیہ بلوچستان جسٹس روزی خان بڑیچ نے اپنے تربت کے دورہ کے دوران جوڈیشل افسران سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ عدلیہ میں کسی قوم، قبیلے یا برادری کی بنیاد پر کوئی امتیاز موجود نہیں، بلکہ عدلیہ میں صرف دو طبقات پائے جاتے ہیں دیانت دار اور بدعنوان۔چیف جسٹس نے کہا کہ بدعنوان افسران کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کو عدلیہ کا حصہ نہیں رہنے دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جو افسران ایمانداری، محنت اور خلوصِ نیت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گے، نہ صرف ان کی مکمل سرپرستی کی جائے گی بلکہ ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں انعامات سے بھی نوازا جائے گا۔اس موقع پر چیف جسٹس نے جوڈیشل افسران کے مسائل بذاتِ خود سنے اور متعلقہ حکام کو ان کے فوری حل کے احکامات صادر فرمائے۔تقریب میں عدالتِ عالیہ کے جج صاحبان جسٹس اقبال احمد کاسی، جسٹس سردار احمد حلیمی اور رجسٹرار عبدالقیوم لہڑی بھی شریک تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں