کوئٹہ(این این آئی) کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت مشرقی بائی پاس کی توسیعی منصوبے پر کام کی پیش رفت اور درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی، ڈویژنل ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کوئٹہ ڈویڑن ظہور احمد، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن این ایچ اے میر آصف اور ریزیڈنٹ ڈائریکٹر شفقت طارق بھی شریک تھے۔اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ مشرقی بائی پاس کی توسیع کا منصوبہ عوامی سہولت کے لیے انتہائی اہم ہے، اس لیے اس پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرتے ہوئے جلد از جلد منصوبہ مکمل کیا جائے تاکہ ٹریفک کے دباؤ اور رش میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دورانِ تعمیر پانی کا چھڑکاؤ لازمی کیا جائے تاکہ گرد و غبار سے عوام کو مشکلات کا سامنا نہ ہو، جبکہ ٹریفک کے لیے متبادل راستوں کا انتظام بھی یقینی بنایا جائے۔این ایچ اے کے نمائندوں نے اجلاس کو بتایا کہ منصوبہ 31 دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا اور اس سلسلے میں فنڈز کا اجرا بھی کر دیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ مشرقی بائی پاس پر دو مقامات پر فلائی اوورز کی تعمیر شامل ہے جس پر جلد عملی اقدامات شروع کیے جائیں گے، جبکہ زیر تعمیر پلوں کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے کہا کہ مشرقی بائی پاس کی توسیعی منصوبہ شہریوں کے لیے ریلیف فراہم کرنے کا ایک بڑا قدم ہے۔ منصوبے کی بروقت تکمیل سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل کم ہوں گے بلکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولت میسر آئے گی۔ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں تیزی سے مکمل کریں۔

