سبی(این این آئی) سبی میں ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں گورنر بلوچستان، وزیر اعلیٰ بلوچستان، کور کمانڈر 12 کور، آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ)، آئی جی پولیس بلوچستان، رکن قومی اسمبلی میاں خان بگٹی، صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری بلوچستان اور سبی ڈویڑن کے قبائلی عمائدین نے بھرپور شرکت کی۔اس جرگے کا مقصد بلوچستان کو درپیش چیلنجز کے حل، امن و استحکام کے قیام، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک مؤثر اور مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا تھا۔ اس دوران قبائلی رہنماؤں نے مقامی مسائل اور تجاویز پیش کیں، جنہیں حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی سب اسٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت، سیکیورٹی ادارے اور قبائلی عمائدین مل کر صوبے کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کریں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں قبائلی روایات اور جرگہ سسٹم کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کے تعاون سے امن قائم رکھنے اور ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز امن و استحکام کو یقینی بنانے کے ساتھ نوجوانوں کے لیے مثبت مواقع فراہم کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔جرگے کے دوران کوئٹہ-ڈھاڈر (N-65) روڈ کی توسیع اور ساختی بہتری کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا گیا، جو نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر بنائے گا بلکہ خطے کی معاشی اور سماجی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔جرگے کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بلوچستان کی پائیدار خوشحالی کے لیے حکومت، سیکیورٹی اداروں اور قبائلی عمائدین کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ قبائلی عمائدین نے عزم ظاہر کیا کہ وہ تنازعات کے حل کے ساتھ ساتھ سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے بھی اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔

