کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے دودھ اور دہی میں ملاوٹ کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران دوسرے روز بھی بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔ اس سلسلے میں جان محمد روڈ، میکانگی روڈ، گوالمنڈی چوک، رئیسانی روڈ، سریاب، فقیر محمد روڈ اور پشتون آباد میں قائم ملک شاپس اور دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔کارروائیوں کے دوران 1620 لیٹر ناقص دودھ، خشک پاؤڈر کی بھاری مقدار اور پاؤڈر سے تیار کردہ 350 کلو دہی تلف کر دیا گیا جبکہ ملاوٹ ثابت ہونے پر 4 ملک سپلائرز اور 12 ملک شاپس مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ اسی طرح دوسرے روز 31 مراکز اور 28 دودھ بردار گاڑیوں سے 13893 لیٹر دودھ کے نمونے حاصل کر کے موبائل لیبارٹری کے ذریعے فوری ٹیسٹنگ کی گئی، جن میں پانی اور خشک پاؤڈر کی بھاری مقدار میں ملاوٹ کی تصدیق ہوئی۔سیکرٹری خوراک بلوچستان منظر جاوید علی کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ دودھ اور دہی میں ملاوٹ شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے جبکہ کسی کو عوام کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی عوام کو معیاری اور خالص خوراک کی فراہمی کے لیے سخت ترین اقدامات کر رہی ہے اور یہ خصوصی مہم اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ مزید برآں انہوں نے واضح کیا کہ اس مہم کو مزید وسعت دی جائے گی اور صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی دودھ اور ڈیری مصنوعات کے مراکز کی سخت جانچ پڑتال جاری رکھی جائے گی، عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ خالص دودھ دہی استعمال کریں، قابل بھروسہ مراکز سے اشیاء خوردونوش خریدیں اور ملاوٹ کی شکایات کی فوری اطلاع اتھارٹی کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

