این ڈی ایم اے،پی ڈی ایم اے کی سیلاب جیسی آفات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیاری نہ ہونے کے برابر تھی، سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(این این آئی)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں. 5 ہزار سے زائد دیہات بہت بری طرح سے متاثر ہوئے ہیں جلالپور پیروالا‘شجاع آباد اور علی پور میں خوفناک تباہی دیکھنے میں آئی ہے جنوبی پنجاب کے حالات تشویشناک صورت اختیار کر گئے ہیں متعلقہ تمام اداروں کو ہنگامی الرٹ جاری کردیا گیا ہے. ملتان کی تحصیل جلال پورپیروالا کے نوے فیصد دیہی علاقے سیلاب میں ڈوب چکے ہیں جلالپور پیر والا چاروں جانب سے بڑے سیلابی ریلے کی زد میں آ گیاجبکہ ہنگامی بنیادوں پرلوگوں کا انخلاء جاری ہے اب تک 20 ارب ڈالرز سے زائد کا نقصان ہو چکا۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹرمحمد عبدالقادر نے کہا کہ تباہی اس قدر زیادہ ہے کہ پوری قوم اور عالمی برادری کی مدد کے بغیر صورتحال میں بہتری لانا ممکن دکھائی نہیں دیتا یہ درست ہے کہ اس سال برسات کا دورانیہ دو ماہ سے بھی زیادہ رہا اور شدید بارشوں کی وجہ سے تباہ کن سیلاب نے لاکھوں لوگوں کو برباد کر کے رکھ دیا ہے لیکن یہ بھی ماننا ہوگا کہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی سیلاب جیسی آفات کا مقابلہ کرنے کے لئے تیاری نہ ہونے کے برابر تھی اس سال سیلاب سے اس لئے بھی زیادہ تباہی ہوئی ہے کہ ہماری وفاقی اور صوبائی حکومتیں اتنی بڑی آفت کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں تھی۔چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے مزید کہا کہ لاکھوں لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے حکومت کے پاس لائف جیکٹس اور کشتیوں کی تعداد انتہائی ناکافی ہے جسکی وجہ سے جانی و مالی نقصان زیادہ ہوا ہے. حکومت کے محکمہ موسمیات,این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کے درمیان ہم آہنگی نہ ہونے کی وجہ سے حکومتی تیاری نہ ہونے کے برابر تھی محکمہ موسمیات, محکمہ آبپاشی, این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم کو جدید سہولتوں اور تربیت سے لیس کیا جائے تاکہ آئندہ صورتحال سے نمٹا جا سکے. ہر تحصیل اور ضلعی سطح کے محکمہ انہار کے پاس بڑی تعداد میں لائف سیونگ جیکٹس اور کشتیاں ہونی چاہئیں جو مقامی ہنگامی صورتحال سے نمٹ سکیں. ہنگامی حالات کے پیش نظر تحصیل اور ضلعی سطح کے تمام سرکاری ادارے اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں کام کریں. ان تجاویز کوملحوظ رکھتے ہوئے بڑی تباہی سے بچا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں