کوئٹہ (این این آئی) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا موجودہ حساسیت کو سنجیدگی سے لینے اور صوبے کو امن اور ہم آہنگی کا گہوارہ بنانے کیلئے حکومت کی بڑھتی ہوئی ذمہ داری پر زور دیا۔ سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے دیرپا امن ضروری ہے جو حکومت اور عوام کے درمیان تعاون کے ذریعے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ یہ تعاون مزید پرامن اور ایسے خوشحال بلوچستان کو یقینی بنائیگا جہاں ہر شہری کو آگے بڑھنے اور خدمت کرنے کے مواقع ملیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاوس کوئٹہ میں انسپکٹر جنرل پولیس محمد طاہر خان اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ہوم) حمزہ شفقات سے علیحدہ علیحدہ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر جعفرخان مندوخیل نے نو تعینات آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی آولین ذمہ داری ہے جس کو ہر صورت میں یقینی بنانا ہوگا. انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے پولیس فورس کو جدید بنانے اور پولیسنگ کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے موجودہ حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ گورنر مندوخیل نے جرائم اور دہشت گردی کے درمیان فرق کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں سے نمٹنے کیلئے مختلف انسدادی طریقوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے مضافات میں پولیس کے گشت میں اضافے کرنے پر زور دیا تاکہ اسٹریٹ کرائمز سے نمٹنے، منشیات فروشوں کا قلع قمع کرنے اور شرپسند عناصر کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی جا سکے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ سردست تمام قومی شاہراہوں کو عوام کیلئے محفوظ بنانا بھی لازمی ہے کیونکہ ملک اور صوبہ کی تعمیر و ترقی میں ان کا کلیدی کردار ہیں. قومی شاہراہیں جوکہ عام لوگوں، تاجروں، زمینداروں، ٹرانسپورٹرز، مسافروں اور مریضوں کیلئے بہت ضروری ہیں، نیشنل ہائی ویز کو ہر قسم کی نقل و حرکت کی سہولت کیلئے محفوظ اور کھلا رکھا جانا لازمی ہے۔ پرامن بلوچستان کے مقصد کو حاصل کرنے کیلئے موثر پولیسنگ بہت ضروری ہے جو عوام کے بھرپور تعاون کے ذریعے پورا کیا جا سکتا ہے۔

