حب (این این آئی)حب شہر کے علاقے پیرکس روڈ اور الخالد ٹاؤن میں طویل بجلی بندش کے خلاف علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے ،مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو کے الیکٹرک کے جی ایم آفس سوک سینٹر کے سامنے بند کردیا، جس کے باعث شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ پپرکس روڈ کی بجلی کئی روز سے مکمل طور پر معطل ہے، دوسری جانب الخالد ٹاؤن کے مکینوں نے بتایا کہ ان کے علاقے کی کم واٹ پی ایم ٹی بار بار جل جانے کے باعث گزشتہ ایک ماہ سے بجلی مکمل طور پر غائب ہے، متعدد شکایات اور درخواستوں کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا، احتجاجی مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ مکمل طور پر بے حسی کا شکار ہے اور شہریوں کے مسائل کو نظرانداز کررہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن بنا رکھی ہے تو دوسری طرف پی ایم ٹی کی بار بار خرابی نے علاقہ مکینوں کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے،بعد ازاں ایس ایچ او حب سٹی عطا اللہ جاموٹ اور ایس ایچ او ہائیٹ گل حسن موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کیے، انتظامیہ کی یقین دہانی پر کہ بجلی بحالی کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے، مظاہرین نے احتجاج ختم کرتے ہوئے شاہراہ کو عام ٹریفک کے لیے کھول دیا ،علاقہ مکینوں نے واضح کیا کہ اگر کے الیکٹرک نے بروقت اقدامات نہ کیے تو وہ دوبارہ احتجاج پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری کے الیکٹرک انتظامیہ پر عائد ہوگی

