ڈام بندن کے ماہی گیروں کے مطالبات کو نظر انداز کرنا ناانصافی ہے، جان محمد بلوچ

حب (این این آئی) نیشنل پارٹی تحصیل گڈانی کے صدر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ ڈام بندن کے مقامی ماہی گیروں کی مشکلات کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے، ورنہ ان کی روزی روٹی مزید خطرے میں پڑ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ممنوعہ جال جیسے وائرنیٹ اور گجہ نیٹ کے استعمال نے خاص طور پر گڈانی اور ڈام بندن کے ساحلی علاقوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ان غیر قانونی طریقوں نے سمندری وسائل کو تباہ کر دیا ہے اور مقامی ماہی گیروں کو ان کے بنیادی روزگار سے محروم کر دیا ہے۔ ان کا احتجاج کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ اپنے حق کے لیے ہے، جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

جان محمد بلوچ کے مطابق ڈام بندن کے زیادہ تر خاندان صرف ماہی گیری پر انحصار کرتے ہیں۔ حکومت بلوچستان اور محکمہ فشریز پر لازم ہے کہ مقامی بیوپاریوں اور ماہی گیروں کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر سختی سے عمل کرائیں تاکہ ان کے روزگار کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سمندری وسائل کو محفوظ بنانے اور ماہی گیروں کو انصاف دلانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں