لسبیلہ(رپورٹ بیوروچیف حفیظ دانش )میونسپل کمیٹی اوتھل کے ملازمین نے تین ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دے دیا، جس کے باعث بلدیاتی دفاتر مکمل طور پر بند اور شہر کا صفائی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ متعدد بار یاد دہانیاں کرانے کے باوجود محکمہ خزانہ کی جانب سے کوئی اقدام نہیں کیا گیا، جس سے ملازمین کےگھریلو حالات سنگین ہو چکے ہیں۔ احتجاجی ملازمین نے واضح کیا کہ جب تک مکمل تنخواہیں ادا نہیں ہوتیں، صفائی و دیگر بلدیاتی خدمات بند رہیں گی۔دھرنے کے باعث شہر بھر میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے، گلیاں، بازار اور عوامی مقامات کوڑا کرکٹ سے بھر گئے ہیں۔ بدبو، مکھیوں اور آلودگی نے شہریوں کو شدید اذیت میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ وبائی امراض کے پھیلنے کا خطرہبھی بڑھ گیا ہے۔اسپتالوں، اسکولوں اور دفاتر کے اطراف بھی صفائی نہ ہونے کے باعث عوام پریشان ہیں۔ ملازمین نے ایپکا، گرینڈ الائنس اور دیگر ملازم یونینز سے یکجہتی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف اوتھل کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے بلدیاتی نظام کی ناکامی ہے۔شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، سیکریٹری بلدیات اور ڈپٹی کمشنر لسبیلہ سے فوری مداخلت اور ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہر کو دوبارہ صاف و محفوظ بنایا جا سکے۔

