کوئٹہ(این این آئی) نیشنل پارٹی خاران کے ضلعی ترجمان نے ایران سے متصل بارڈر کی بار بار بندش کو مکران اور رخشان ڈویژن کے لاکھوں لوگوں کے لیے معاشی تباہی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متبادل روزگار اور تجارتی سہولیات فراہم کیے بغیر بارڈر بند کرنا صرف غیر سنجیدہ اقدام نہیں، بلکہ عوام کے صبر کا سنگین امتحان ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مکران اور رخشان کے عوام کی ایک بڑی تعداد کا روزگار سرحدی تجارت سے وابستہ ہے۔ بارڈر کی بندش کے باعث ہزاروں خاندان فاقہ کشی کا شکار ہو چکے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ بندش کسی سیکیورٹی یا پالیسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ عوامی معاشی قتل کے مترادف ہے۔
نیشنل پارٹی کے ترجمان نے مطالبہ کیاکہ اگر حکومت کسی ممالک کے دباؤ، مجبوری کے تحت بارڈر بند کرتی ہے، تو عوام کو متبادل روزگار، تجارتی مواقع اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا اس کی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے بصورت دیگر، یہ عمل عوامی استحصال اور بدترین معاشی ناانصافی کے مترادف ہے۔
نیشنل پارٹی نے حکومتِ بلوچستان اور وفاقی اداروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ زمینی حقائق کو نظرانداز کر کے پالیسیاں بنانا خود ملک کے پسماندہ علاقوں کو مزید پیچھے دھکیلنے کے مترادف ہے
ضلعی ترجمان کے مطابق انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی بارڈر بچاؤ تحریک کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ہر فورم پر عوامی روزگار کے تحفظ کی جنگ لڑے گی
نشرواشاعت۔ نیشنل پارٹی خاران

