ملیر جیل سے قیدی دیوار توڑ کر فرار، علاقے میں شدید فائرنگ، آپریشن جاری


کراچی:

ملیر جیل سے قیدی دیوار توڑ کر فرار ہوگئے جس کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس کے مطابق قیدی جیل کی دیوار توڑ کر فرار ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں پولیس متحرک ہوگئی اور ان کی دوبارہ گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

پولیس کے مطابق زلزلے کے باعث جیل کے بیرکس کی دیواروں میں دراڑ پڑ گئی تھی، کچھ قیدی جیل کی دیوار توڑ کر فرار ہوگئے جبکہ قیدیوں کی گرفتاری کے لیے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے قیدیوں میں سے 20 قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے، پولیس کے مطابق فرار ہونے والے قیدیوں کی تعداد کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

 پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا جبکہ نیشنل ہائی وے کے دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے، اس دوران شدید فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر مزید نفری طلب کرلی گئی ہے۔

ڈی آئی جی جیل حسن سہتو اور ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی کے مطابق صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے جبکہ کچھ قیدیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور باقی قیدیوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے فرار ہونے کے بعد دوبارہ گرفتار کیے جانے والے قیدی سکھن تھانے کے لاک اپ میں منتقل کر دیے گئے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس علاقے سے دور رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں