ٹیچنگ اسپتال اور مکران میڈیکل کالج کا منصوبہ مکران ڈویژن کے عوام کے لیے انقلابی قدم ہے،مجیب الرحمن قمبرانی

تربت(این این آئی) صوبائی سیکریٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن قمبرانی نے تربت میں زیر تعمیر ٹیچنگ اسپتال اور مکران میڈیکل کالج کے ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اعلیٰ سرکاری افسران اور عوامی نمائندگان بھی ان کے ہمراہ تھے۔یہ دورہ ڈویژنل ہیڈکوارٹر تربت میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی میر ظہور احمد بلیدی کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے تسلسل میں کیا گیا، جس میں امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، وزیر اعلی کے مشیر مینا مجید بلوچ، اراکین صوبائی اسمبلی حاجی برکت رند، میر اصغر رند سمیت متعدد صوبائی سیکریٹریز، کمشنر مکران قادر بخش پرکانی، ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر بڑیچ، ضلعی پولیس افسر کیپٹن (ر) زبیب محسن، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسران اور دیگر ضلعی افسران شریک تھے سیکریٹری صحت نے اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور واضح ہدایت دی کہ منصوبوں کو بروقت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ اسپتال اور مکران میڈیکل کالج کا منصوبہ مکران ڈویژن کے عوام کے لیے انقلابی قدم ہے، جس سے جدید اور معیاری طبی سہولیات عوام کو ان کی دہلیز پر میسر آئیں گی۔ان کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بلوچستان صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل عوامی ریلیف کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی عوامی نمائندگان اور افسران نے لوگوں کو صحت عامہ کی فراہمی سے متعلق سیکریٹری صحت کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں