محمد صادق سنجرانی کا خان محمد عمر خان سنجرانی انٹر کالج نوکنڈی کا دورہ

نوکنڈی (این این آئی)سابق چیئرمین سینیٹ پاکستان و ایم پی اے چاغی محمد صادق سنجرانی نے خان محمد عمر خان سنجرانی انٹر کالج نوکنڈی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پرنسپل عالم اقبال، اساتذہ اور دیگر اسٹاف ممبران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ محمد صادق سنجرانی نے اکیڈمک بلاک کا افتتاح کیا جبکہ ان کے ہمراہ سابق مشیر وزیراعلیٰ بلوچستان میر اعجاز خان سنجرانی، ضلع چئیرمین خان عبدالودود خان سنجرانی اور دیگر قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران پرنسپل عالم اقبال نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کالج کے تعلیمی و انتظامی مسائل سے آگاہ کیا۔ محمد صادق سنجرانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوکنڈی میں معیاری تعلیم کے فروغ اور طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے جامع اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی کالج میں پانچ لیکچرارز کی تقرری ریمونریشن بنیادوں پر عمل میں لائی جائے گی، جن کی تنخواہیں وہ ذاتی طور پر ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالج میں جدید سائنس لیب قائم کی جائے گی جبکہ پوری عمارت کو سولر انرجی سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کالج کے باقی ماندہ تعمیراتی کاموں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ محمد صادق سنجرانی نے اس بات پر زور دیا کہ قابل، محنتی اور مستند لیکچرارز کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ کو بہترین تعلیمی مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ فنی و تکنیکی تعلیم کے فروغ سے مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، اور علاقے کی ترقی میں تیزی آئے گی۔ اس موقع پر میر اعجاز خان سنجرانی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے نوکنڈی کے تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاف کی کمی سمیت دیگر مسائل کو جلد از جلد حل کر کے طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم ہی ترقی کا واحد راستہ ہے، جہاں بچے تعلیم حاصل کریں گے وہی معاشرہ ترقی کی منازل طے کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں