وزیر اعلیٰ مریم نواز نے نرسنگ گریجویٹس کیلئے پیڈ انٹرن شپ کا آغازکر دیا‘ پروفیسر فاروق افضل

لاہور(این این آئی)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے میڈیکل کی تاریخ میں پہلی بار چار سالہ بی ایس این (جنرک) پروگرام کی فریش گریجویٹس کے لیے ایک سالہ پیڈ انٹرن شپ کا آغاز کر کے شعبہ نرسنگ میں ایک روشن باب کا اضافہ کردیا۔پرنسپل نے اسلامی تاریخ میں نرسنگ کے آغاز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غزوہ احد میں زخمیوں کی مرہم پٹی کرنے والی خواتین نرسنگ کے پیشے کی اولین مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ کا پیشہ دراصل اسلامی تہذیب کی ان روایات سے جڑا ہوا ہے جن کی بنیاد خدمت، ہمدردی اور خلوص پر رکھی گئی ہے۔ جنرل ہسپتال میں نرسنگ انٹرن شپ پروگرام کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ یہ اقدام نرسنگ کے شعبے کی پیشہ ورانہ ترقی، مریضوں کو معیاری نگہداشت کی فراہمی، اور نرسز کو مالی خودمختاری کے مواقع فراہم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ نرسنگ ایسا شعبہ ہے جو براہ راست دکھی انسانیت کی خدمت سے وابستہ ہے۔ نرسز نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی تکالیف میں مبتلا مریضوں کی دیکھ بھال کر کے ان کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرتی ہیں۔ نرسنگ وہ مقدس پیشہ ہے جہاں مسیحائی صرف ڈاکٹروں تک محدود نہیں بلکہ نرسز بھی مریض کے درد کو سمجھتی ہیں، ان کا حوصلہ بڑھاتی ہیں اور بروقت نگہداشت فراہم کر کے علاج کے عمل کو مؤثر بناتی ہیں۔تقریب میں روبینہ انعام نے کالج کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ایم ایس جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، ایم ایس پنز ڈاکٹر عمر اسحاق اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ آسیہ خانم نے بھی اظہار خیال کیا۔اس موقع پر نرسنگ انسٹرکٹرز ثمر ناز کنول، رمضانہ، ساجدہ نصرت، شہناز ڈار، نادیہ منظور، شوقیہ حافظ، شازیہ یعقوب تبسم ضیاء، عابدہ ودیگر فیکلٹی ممبران کو ان کی انتھک محنت، تدریسی خدمات اور طالبات کی پیشہ ورانہ تربیت میں شاندار کردار پر خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔پروفیسر فاروق افضل نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں نرسنگ کو ایک باعزت اور پروفیشنل شعبے کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے، اور پنجاب حکومت کا یہ اقدام اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی عملی کوشش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ دور میں نرسنگ صرف دیکھ بھال تک محدود نہیں رہی بلکہ اب نرسز تحقیق، انتظامی امور اور تربیتی شعبہ جات میں بھی نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ پرو فیسر فاروق افضل نے انٹرن شپ کا آغاز کرنے والی نرسز کو نصیحت کی کہ وہ مریضوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور تعلیمی میدان میں ترقی کے لیے کوشاں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سپیشلائزیشن کا دور ہے، اور نرسز کو چاہیے کہ وہ مختلف طبی شعبوں میں مہارت حاصل کریں تاکہ بین الاقوامی معیار کی نرسنگ فراہم کی جا سکے۔ پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ نرسنگ فیکلٹی اس کالج کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اور ان کی انتھک کوششوں کے بغیر اس کامیابی کا حصول ممکن نہیں تھا۔تقریب کے اختتام پر پرنسپل نے امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کو یادگاری شیلڈز دیں اُمید ظاہر کی کہ نرسنگ فیکلٹی طالبات کی تعلیم و تربیت اور قابلیت کو مزید نکھارنے میں بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں