راولپنڈی (این این آئی)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)نے کہا ہے کہ معرکہ حق کے 5 ماہ بعد بہار اور مغربی بنگال میں انتخابات کے دوران اشتعال انگیز پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، بھارتی عسکری قیادت کا انتہائی سیاسی دبا میں غیر ذمہ دارانہ بیانات جاری کرنا افسوسناک ہے، ایسے بیانات جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق کے پانچ ماہ بعد بھی بے بنیاد بھارتی پروپیگنڈا جاری ہے، پاک فوج نے بھارتی فوجی قیادت کی جانب سے پروپیگنڈا پر اظہار تشویش کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوجی قیادت نے من گھڑت اور اشتعال انگیز پروپیگنڈا کرنا شروع کر دیا ہے، معرکہ حق کے 5 ماہ بعد بہار اور مغربی بنگال میں انتخابات کے دوران اشتعال انگیز پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جو بھارت میں ہر ریاستی انتخابات سے پہلے کیا جاتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ بھارتی عسکری قیادت کا انتہائی سیاسی دبا میں غیر ذمہ دارانہ بیانات جاری کرنا افسوسناک ہے، ایسے بیانات جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔واضح رہے کہ بھارتی ریاست بہار میں 6 سے 11 نومبر کے دوران ریاستی انتخابات منعقد ہونے جارہے ہیں، جس کے نتائج بھارت کے آئندہ عام انتخابات پر اثر انداز ہوں گے۔یاد رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان پر الزام تراشی کا آغاز کیا تھا جس کے بعد دونوں میں ملکوں میں سرد مہری کا شکار تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔دوسری جانب بھارتی عسکری کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل منوج کمار کٹیار کی جانب سے بھی بیانات سامنے آئے جن میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان پہلگام جیسا ایک اور حملہ کر سکتا ہے اور جواب میں ”آپریشن سندور“ کا اگلا مرحلہ زیادہ مہلک ہوگا۔

