تعلیمی شعبے میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائیگی،کسی سطح پر غفلت پائی گئی تو متعلقہ افسران کیخلاف کارروائی ہوگی،ڈپٹی کمشنرعبدالکبیر زرکون

پنجگور(این این آئی) ڈپٹی کمشنر پنجگور عبدالکبیر زرغون کے دفتر میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (RTSM)، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے دیگر متعلقہ افسران، بی آر ایس پی (BRSP) اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام,اور خزانہ پنجگور کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کا بنیادی مقصد ضلع پنجگور میں تعلیمی نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تمام کرونیکل ٹیچرز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تعلیمی شعبے میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، اور اگر کسی سطح پر غفلت یا کوتاہی پائی گئی تو متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر پنجگور نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور آر ٹی ایس ایم کو ہدایت کی کہ وہ اسکولوں کے روزانہ دوروں کو یقینی بنائیں اور وزٹ کے دوران باہمی تعاون اور کوآرڈینیشن کو فروغ دیں تاکہ تعلیمی معیار میں بہتری لائی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں